جے پور:13/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )آج کل ملک میں چائے والے کافی سرخیوں میں ہیں۔خاص طور پر جب سے مودی وزیر اعظم بنے ہیں، کیونکہ وزیر اعظم مودی نے اپنے انتخابی مہم کے دوران دعوی کیا تھا کہ وہ بچپن میں ٹرینوں چائے بیچنے کا کام کرتے تھے۔ اب راجستھان کے جے پور کے قریب کوٹ پوتلی میں 6بیٹیوں کی شادی میں ایک کروڑ 51ہزار روپے دینے والے چائے فروش لیلارا م گوجر سرخیوں میں آ گیا ہے۔اتنی بڑی رقم بیٹی کی الوداعی تقریب میں دینے کی وجہ سے اس کو محکمہ انکم ٹیکس نے نوٹس دیا ہے۔اسے بدھ کو پیش ہونا تھا، لیکن وہ پیش نہیں ہوا۔غورطلب ہے کوٹ پوتلی کے لیلارام کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ ملک کی نئی کرنسی گن کر ایک کروڑ 51ہزار روپے کسی کو دیتا نظر آرہا ہے۔اس دوران گاؤں کے پنچ پٹیل وغیرہ سبھی نظرآ رہے ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے لیلارام گھر سے غائب ہے۔ویڈیو دیکھ کر محکمہ انکم ٹیکس نے لیلارام کو نوٹس بھیجا ہے۔گھر میں کوئی نہیں ملا،تو نوٹس گھر پر چسپاں کر دیا گیا۔نوٹس میں لیلارام کو بدھ کی صبح 11بجے جے پور میں محکمہ انکم ٹیکس کے دفتر میں موجود ہونے کے لیے کہا گیاہے، اسے اپنے ساتھ اتنی رقم کے ذریعہ کی معلومات دینے والے دستاویزات بھی لانے کے لیے کہا گیا ہے، ورنہ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی بات کہی گئی ہے۔بدھ کو محکمہ انکم ٹیکس کے افسران لیلارام کا انتظار کرتے رہے، لیکن وہ نہیں آیا۔اب اس کو ایک بار پھر نوٹس بھیجا جائے گا اور نہیں آنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ویڈیو میں مبینہ چائے والا لیلارام گوجر مقامی لوگوں اور کمیونٹی کے لیڈروں کے درمیان کیش اڑاتا اور نوٹوں کو گنتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ چائے والا بیٹیوں کے سسرال والوں کو نوٹوں کا بنڈل تھما رہا ہے۔واضح رہے کہ لیلارام گوجر راجستھان میں کوٹ پوتلی کے قریب ہڑوتا میں ایک چائے کی دکان چلاتا ہے۔جہیز میں موٹی رقم دیئے جانے کی خبر وائرل ہونے پر منگل کو محکمہ انکم ٹیکس نے اسے نوٹس جاری کیا ہے۔نوٹس میں چائے والے سے آمدنی کے ذریعہ کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔چائے و الے نے ابھی تک نوٹس کا جواب نہیں دیا ہے۔محکمہ انکم ٹیکس کے بعد چائے والے لیلارام گوجر کو پولیس تھانے کا بھی چکر کاٹنا پڑ سکتا ہے۔لیلارام نے شادی کے کارڈ میں اپنی صرف دو بیٹیوں کے نام کا ذکر کیا ہے، لیکن مقامی لوگوں کی مانیں، تو شادی کے منڈپ میں لیلارام کی 6بیٹیاں تھیں جن میں سے 4نابالغ ہیں۔